سعودی اتحادی افواج کا الحدیدہ میں حوثی ٹھکانوں پر حملہ، فوجی اہداف کو نشانہ بنایا

سعودی اتحادی افواج کا الحدیدہ میں حوثی ٹھکانوں پر حملہ، فوجی اہداف کو نشانہ  بنایا

سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے یمن کے الحدیدہ گورنریٹ میں حوثیوں سے منسلک فوجی ٹھکانوں پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی صرف عسکری اہداف تک محدود رہی اور اس کا مقصد بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات کا خاتمہ تھا۔

اتحادی افواج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ الحدیدہ گورنریٹ میں حوثیوں کے فوجی مراکز اور ان سے منسلک اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان کے مطابق کارروائی بین الاقوامی بحری راستوں اور تجارتی جہازوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی۔

 یہ  بھی پڑھیں :پاکستان مشکل وقت میں برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑا ہے،شہباز شریف

سعودی اتحادی افواج نے واضح کیا کہ حدیدہ بندرگاہ کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور تمام بندرگاہیں بدستور جہاز رانی کے لیے کھلی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کا مقصد شہری تنصیبات کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ صرف ایسے فوجی اہداف کو تباہ کرنا تھا جو بحیرہ احمر میں جہاز رانی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔

اتحادی افواج نے خبردار کیا کہ اگر حوثیوں کی جانب سے بحری راستوں، تجارتی جہازوں یا خطے کے امن کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں جاری رہیں تو ان کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

دوسری جانب حوثیوں سے وابستہ ٹی وی چینل المسیرہ نے دعویٰ کیا کہ سعودی جنگی طیاروں نے مغربی یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ اور جزیرہ کمران پر فضائی حملے کیے۔ حوثی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملوں میں بعض شہری تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔

editor

Related Articles