آج رات کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان

آج رات کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے موسم کی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات جنوب مشرقی سندھ، پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ جنوب مشرقی سندھ اور مشرقی پنجاب کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

موسم کی صورتحال کے مطابق پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، جنوب مشرقی سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات اور پیر کی صبح ہونے والی شدید بارشوں کے باعث ڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی و برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں :آج کہاں کہاں بادل برسیں گے ؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی آگئی

موسلا دھار بارشوں کے باعث میرپورخاص، عمرکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ اور ساہیوال کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام یا رات کے وقت مطلع جزوی ابر آلود ہونے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا معمولی امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، ہنگو، کرم اور اورکزئی میں بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، سیالکوٹ، نارووال، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، فیصل آباد، جھنگ، خوشاب، بہاولنگر، بہاولپور، ساہیوال، مری، گلیات، راولپنڈی اور اٹک میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

سندھ میں تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ اور ٹھٹھہ میں بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کی توقع ہے،بلوچستان کے ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، بارکھان، خضدار اور ملحقہ علاقوں میں شام یا رات کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا، گلگت ، پنجاب اور کشمیر کے لیے الرٹ جاری کردیا

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش پنجاب کے نورپور تھل میں 140 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ جوہرآباد، فیصل آباد، قصور، ملتان، اٹک اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی،دوسری جانب ملک کے گرم ترین علاقوں میں نوکنڈی اور دالبندین میں درجہ حرارت بالترتیب 45 اور 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

editor

Related Articles