پاک بحریہ کے 4 کموڈورز کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی

پاک بحریہ کے 4 کموڈورز کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی

پاک بحریہ کے چار سینئر افسران، کموڈور تصور اقبال، کموڈور محمد عمیر، کموڈور شاہد واصف اور کموڈور راؤ احمد عمران انور کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چاروں افسران نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران مختلف اہم کمانڈ اور اسٹاف ذمہ داریاں انتہائی کامیابی سے انجام دیں اور ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں اعلیٰ عسکری اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

ریئر ایڈمرل تصور اقبال

ترجمان کے مطابق ریئر ایڈمرل تصور اقبال نے 1995 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں، جبکہ انہوں نے فرانس سے انٹر سروسز اسٹاف کورس بھی مکمل کیا۔

اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران وہ کمانڈنگ آفیسر پی این ایس عالمگیر، کمانڈر 25 ڈسٹرائر اسکواڈرن، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی اور سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سینئر پاکستان نیوی آفیسر سمیت متعدد اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ اس وقت کمانڈر ویسٹ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔

ریئر ایڈمرل محمد عمیر

ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے 1996 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں، جبکہ انہوں نے چین سے کمیونیکیشن کمانڈ کورس اور امریکہ سے نیول اسٹاف کالج کورس بھی کیا۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں کمانڈنگ آفیسر پی این ایس قوت، پی این ایس طارق، پی این ایس تبوک اور کمانڈر 14 ڈسٹرائر اسکواڈرن کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ وہ نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈپٹی ڈائریکٹر نیول آپریشنل پلانز (اسٹریٹجی) بھی رہ چکے ہیں۔ وہ اس وقت کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کراچی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کی بہترین خدمات پر انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے لیے ایک اور شرمندگی، گجرات میں بھارتی بحریہ کا اسرائیلی ساختہ ڈرون گر کر تباہ

ریئر ایڈمرل شاہد واصف

ریئر ایڈمرل شاہد واصف نے 1996 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے برطانیہ سے ایڈوانس کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس، کنگز کالج لندن سے ڈیفنس اسٹڈیز میں ماسٹرز، آسٹریلیا سے ڈیفنس اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز کورس اور ڈیکن یونیورسٹی آسٹریلیا سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے۔

انہوں نے کمانڈنگ آفیسر پی این ایس سیف، ڈپٹی ڈائریکٹر نیول آپریشنل پلانز (اسٹریٹجی)، اسسٹنٹ نیول سیکرٹری (آپریشنز)، ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز اور نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکرٹری سمیت متعدد اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ اس وقت کمانڈر 25 ڈسٹرائر اسکواڈرن کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔

ریئر ایڈمرل راؤ احمد عمران انور

ریئر ایڈمرل راؤ احمد عمران انور نے 1996 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں، جبکہ برطانیہ سے ایڈوانس کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس اور کنگز کالج لندن سے ڈیفنس اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، آئی ایس پی آر

انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران کمانڈنگ آفیسر پی این ایس ضرار، پی این ایس شمشیر، پی این ایس ذوالفقار اور کمانڈر 10 پیٹرول کرافٹ اسکواڈرن کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ وہ نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)، نئی دہلی میں پاکستان کے نیول ایڈوائزر اور پاکستان نیوی وار کالج لاہور کے ڈپٹی کمانڈنٹ کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

ریئر ایڈمرل راؤ احمد عمران انور اس وقت نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں نیول سیکرٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) کے علاوہ تمغۂ بسالت سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چاروں افسران کی ترقی ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قائدانہ کردار اور قومی دفاع کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں عمل میں لائی گئی ہے۔

Related Articles