امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز پاکستان، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور اقتصادی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا انحصار اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط کے استحکام پر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان میں جاری ساختی اصلاحات کا بھی ذکر کیا، جن کا مقصد کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے خطے میں استحکام اور اقتصادی مضبوطی کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔ وفد کی پیشہ ورانہ مہارت اور تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں جانب سے دوطرفہ اقتصادی تعاون، نجی شعبے کے درمیان شراکت داری اور پاک امریکہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر امریکی وفد نے پرتپاک مہمان نوازی پر پاکستان کی عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ریان کیتھ زنکے امریکی ریاست مونٹانا جبکہ مائیکل جیمز امریکی ریاست واشنگٹن سے ایوانِ نمائندگان کے رکن ہیں۔