وفاقی بورڈ برائے انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیم (ایف بی آئی ایس ای) نے دسویں جماعت کے سالانہ نتائج کا باضابطہ گزٹ جاری کر دیا ہے۔
ایس ایس سی پارٹ ٹو کے پہلے سالانہ امتحان کا نتیجہ بدھ کے روز 29 جولائی 2026 کو مکمل طور پر جاری کر دیا گیا، جس میں مجموعی پاس فیصد 91.33 رہا۔
نتائج کا گزٹ جاری، 2030 صفحات پر مشتمل
وفاقی بورڈ برائے انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیم نے دسویں جماعت کے سالانہ نتائج کا باضابطہ گزٹ پی ڈی ایف کی صورت میں جاری کر دیا ہے۔ ایس ایس سی پارٹ ٹو کے پہلے سالانہ امتحان کا نتیجہ بدھ کے روز 29 جولائی 2026 کو صبح 11:15 بجے مکمل طور پر جاری کر دیا گیا۔
https://www.fbise.edu.pk/
سرکاری گزٹ مجموعی طور پر 2 ہزار 30 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں ریگولر، پرائیویٹ اور بیرونِ ملک مقیم امیدواروں کے نتائج شامل ہیں۔ طلبہ اس گزٹ کے ذریعے اپنا نتیجہ رول نمبر، نام یا تعلیمی ادارے کے ذریعے تلاش کر سکتے ہیں۔
مجموعی پاس فیصد اور شماریات
گزٹ کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 41 ہزار 653 امیدوار رجسٹرڈ تھے، جن میں سے ایک لاکھ 28 ہزار 70 طلبہ کامیاب قرار پائے، یوں مجموعی پاس فیصد 91.33 رہا۔
ریگولر طلبہ کا پاس فیصد 95.69 ریکارڈ کیا گیا، جس میں ایک لاکھ 17 ہزار 218 امیدوار کامیاب ہوئے۔ دوسری جانب سابقہ پرائیویٹ امیدواروں کا پاس فیصد 61.21 رہا، جس میں 10 ہزار 852 امیدوار کامیاب قرار پائے۔
نتیجہ چیک کرنے کا طریقہ کار
طلبہ اپنا نتیجہ سرکاری ویب سائٹ ‘ایف بی آئی ایس ای ڈاٹ ایڈو ڈاٹ پی کے’ پر رول نمبر کے اندراج کے ذریعے چیک کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ایس ایم ایس سروس کے ذریعے بھی نتیجہ حاصل کیا جا سکتا ہے، جس کے لیے طلبہ کو مخصوص کوڈ کے ساتھ اپنا رول نمبر 5050 پر ارسال کرنا ہوگا۔
سرکاری گزٹ ان اسکولوں، کالجوں اور اداروں کے لیے خصوصی طور پر مفید ہے جنہیں بیک وقت متعدد طلبہ کے نتائج کی تصدیق درکار ہوتی ہے۔
گزشتہ سال یعنی 2025 میں ایف بی آئی ایس ای کے ایس ایس سی پارٹ ٹو امتحانات میں ایک لاکھ 37 ہزار 689 امیدواروں نے شرکت کی تھی، جن میں سے ایک لاکھ 21 ہزار 120 طلبہ کامیاب ہوئے تھےاور مجموعی پاس فیصد 88.51 رہا تھا۔
اس لحاظ سے رواں سال کے نتائج میں امیدواروں کی تعداد اور مجموعی پاس فیصد دونوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
واضح رہے کہ ایف بی آئی ایس ای نے نظرثانی شدہ گریڈنگ نظام مرحلہ وار نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو 2026 کے پہلے سالانہ امتحانات سے ایس ایس سی پارٹ ون پر لاگو ہو چکا ہے، جبکہ ایس ایس سی پارٹ ٹو کے طلبہ 2027 کے پہلے سالانہ امتحانات سے نئے نظام کے تحت آئیں گے، جس میں پاسنگ حد 40 فیصد مقرر کی جائے گی اور نیا گریڈنگ ڈھانچہ اے پلس پلس سے یو تک ہوگا۔
ایف بی آئی ایس ای اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت بلتستان اور بیرونِ ملک واقع پاکستانی تعلیمی اداروں سمیت متعدد علاقوں کے تعلیمی اداروں کے امتحانات کا انعقاد کرتا ہے، اور اس کا شمار ملک کے بڑے تعلیمی بورڈز میں ہوتا ہے۔