پاکستان اور عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی کا رجحان برقرار رہا جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا مزید ایک ہزار روپے سستا ہو گیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی فی اونس قیمت میں 10 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 26 ہزار 436 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت 857 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 65 ہزار 600 روپے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 68 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 291 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رہا جہاں فی اونس سونا 10 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 40 ڈالر پر آ گیا۔ سرمایہ کار امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ مانیٹری پالیسی شرح سود سے متعلق فیصلوں اور عالمی معاشی اشاریوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں جس کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا اور ڈالر کی قدر میں نمایاں اضافہ نہ ہوا تو آئندہ چند روز کے دوران پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے۔ تاہم عالمی سیاسی صورتحال، امریکی معاشی اعداد و شمار اور سرمایہ کاروں کے رجحانات قیمتوں کی سمت کا تعین کریں گے۔
مقامی صرافہ بازار کے مطابق حالیہ مسلسل کمی سے خریداروں میں دلچسپی بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے جبکہ زیورات کی خریداری کرنے والے افراد کے لیے یہ رجحان نسبتاً اطمینان بخش قرار دیا جا رہا ہے