ویسٹ انڈیز کے بائولر نے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا

ویسٹ انڈیز کے بائولر نے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا

ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز نے پاکستان کے خلاف ٹراؤبا میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز ایسا کارنامہ انجام دیا جس کی مثال ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ملتی۔

32 سالہ جسٹن گریوز ریکارڈ شدہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے پہلے بالر بن گئے ہیں جنہوں نے مسلسل پانچ میڈن اوورز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں ،انہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی پانچ وکٹوں والی اننگز بھی ہے۔

پاکستان ایک موقع پر 244 رنز پر صرف تین وکٹوں کے نقصان کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں تھا جبکہ کپتان شان مسعود 109 رنز کی عمدہ اننگز کھیل چکے تھے، لیکن اس کے بعد جسٹن گریوز نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔

گریوز نے پہلے شان مسعود کو پویلین بھیجا، پھر بغیر کوئی رن دیے عامر جمال، علی عثمان، محمد رضوان اور وقفے کے بعد محمد عباس کی وکٹ حاصل کر کے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا، پاکستان کی پوری ٹیم 282 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 29 رنز کے خسارے میں چلی گئی۔

یہ بھی پڑھیں :ٹروبا ٹیسٹ ، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو90 رنز سے شکست دیدی

میچ کے بعد جسٹن گریوز نے بتایا کہ کپتان روسٹن چیز نے انہیں صبر اور نظم و ضبط کے ساتھ بولنگ جاری رکھنے کا مشورہ دیا تھا، جس پر عمل کرتے ہوئے انہیں یہ تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔

تیسرے روز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے تھے اور اسے پاکستان پر مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی۔

editor

Related Articles