وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری اور نجی بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کو کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ فنانسنگ فراہم کریں، جبکہ متعلقہ حکام کو اسکیم پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ مستحق افراد جلد از جلد اپنے گھروں کے مالک بن سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وزیراعظم اپنا گھر اسکیم پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، ریاض حسین پیرزادہ، احد چیمہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اسی مقصد کے تحت غریب اور متوسط طبقے کے لیے وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ اہل اور مستحق افراد کو جلد از جلد رہائشی سہولت فراہم کی جا سکے۔
ماڈل ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے ماڈل ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سرکاری اور نجی بینکوں پر زور دیا کہ وہ اس عوامی فلاحی منصوبے کی کامیابی کے لیے زیادہ سے زیادہ فنانسنگ فراہم کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس اسکیم سے مستفید ہو سکیں۔
اجلاس کے دوران حکام نے اسکیم کی پیشرفت اور مالیاتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت فنانسنگ کے لیے بینک اب تک مجموعی طور پر 204 ارب روپے کی منظوری دے چکے ہیں۔
حکام کے مطابق منظور شدہ رقم میں سے اب تک 27 ارب روپے کے قرضے عملی طور پر جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید درخواستوں پر بھی کارروائی جاری ہے۔
وزارت ہاؤسنگ اور اسٹیٹ بینک ہر ہفتے پیشرفت کا جائزہ لے رہے ہیں
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسکیم پر مؤثر نگرانی کے لیے وزارت ہاؤسنگ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان ہر ہفتے پیشرفت کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ منصوبے پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے مانیٹرنگ کے اس نظام کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت غریب اور متوسط طبقے کو باوقار رہائش فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور اس قومی فلاحی منصوبے کو ہر ممکن کامیاب بنایا جائے گا۔