سعودی عرب نے پاکستان میں اپنا نیا سفیر مقرر کر دیا ہے،ریٹائرڈ میجر جنرل ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کو پاکستان میں خادم الحرمین الشریفین کا نیا سفیر نامزد کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے یہ تقرری پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک، دفاعی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دی جا رہی ہے،پاکستان میں نئے سعودی سفیر راجح بن طامی البقمی نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
ریاض میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نئے سفیر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستان میں مملکت کی مؤثر نمائندگی کی ہدایت کی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر راجح البقمی جلد اسلام آباد پہنچ کر اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے، انہیں سفارتی اور دفاعی امور کا وسیع تجربہ رکھنے والی شخصیت قرار دیا جاتا ہے۔
وہ اس سے قبل مختلف ممالک میں اہم سفارتی اور دفاعی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں، جبکہ بین الاقوامی امور پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں۔ ان کی تعیناتی کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے موجود قریبی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔