آئی سی سی نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پاکستانی فاسٹ بولرز کو سزاسنا دی

آئی سی سی  نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر  پاکستانی فاسٹ بولرز کو سزاسنا دی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرز خرم شہزاد اور محمد عباس کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا دے دی گئی۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے عائد کی گئی سزا قبول کر لی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خرم شہزاد اور محمد عباس نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کی، جس کے بعد دونوں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

آئی سی سی نے خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا، جبکہ محمد عباس کو ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: محمد عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں عمران خان کا تاریخی رکارڈ توڑ دیا

آئی سی سی کے مطابق دونوں فاسٹ بولرز کے ریکارڈ میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے، جو مستقبل میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں مزید کارروائی کا باعث بن سکتے ہیں۔

آئی سی سی نے بتایا کہ خرم شہزاد اور محمد عباس نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے عائد کی گئی سزا کو تسلیم کر لیا، جس کے باعث اس معاملے میں کسی باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

Related Articles