بلوچستان، دالبندین میں ایف سی کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

بلوچستان، دالبندین میں ایف سی کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بوزروں اور بڑی گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے، بھتہ خوری اور لوٹ مار میں مبینہ طور پر ملوث فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔

ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے مطابق 29 جولائی 2026 کو ضلع چاغی کے علاقے ہدگ گڈانی ہوٹل کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاعات موصول ہونے پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی میں وہ عناصر نشانے پر تھے جو حالیہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد ضلع چاغی کے علاقے پدگ میں 6 ایل پی جی بوزروں سمیت 15 بڑی گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے، جلاؤ گھیراؤ، مقامی بلوچ عوام سے مبینہ لوٹ مار اور بھتہ خوری جیسی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں نے سنائپر گن سے سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا ،ترجمان آزاد کشمیر پولیس

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ ایف سی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا، جسے مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ایف سی بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز بلا تعطل جاری ہیں اور یہ کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔

حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Related Articles