پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے آئی سی سی کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل بلے بازوں کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑدیا ، رینکنگ میں قومی کھلاڑی دوسرے نمبر پر آگئے ۔
بھارت نے زمبابوے کے خلاف 3میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-3 سے کامیابی حاصل کی، جس کے بعد جاری ہونے والی نئی رینکنگ میں کئی اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں ، جہاں صاحبزادہ فرحان 848 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے جبکہ 819 پوائنٹس رکھنے والے ابھیشیک شرما تیسرے نمبر پر چلے گئے۔
بھارت کے ایشان کشن 910 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے نوجوان بلے باز صائم ایوب 560 پوائنٹس کے ساتھ 41ویں، سابق کپتان بابر اعظم 555 پوائنٹس کے ساتھ 43ویں، جبکہ ٹی ٹونٹی کپتان سلمان علی آغا 547 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر برقرار ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کے باؤلرز کی رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر ابرار احمد 736 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ افغانستان کے راشد خان بدستور سرفہرست اور انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے محمد نواز 10 ویں، فاسٹ بولر سلمان مرزا ایک درجہ ترقی کے بعد 15ویں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی بھی ایک درجہ بہتری کے ساتھ 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔