دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں نے پاکستانی طلبہ کیلئے دروازے کھول دیے، مفت تعلیم کا اعلان

دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں نے پاکستانی طلبہ کیلئے دروازے کھول دیے، مفت تعلیم کا اعلان

پاکستان کے باصلاحیت اور ذہین طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کا ایک اہم موقع سامنے آیا ہے جہاں ہائیر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے یو ایس پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت 2027 کے داخلوں کے لیے امریکا کی دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی کی اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد پاکستانی طلبہ کو عالمی معیار کی تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق یہ اسکالرشپس صرف براہِ راست پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے ہیں اور ماسٹرز لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی پروگرام اس میں شامل نہیں ہوگا۔ امیدوار کا پاکستانی یا آزاد جموں و کشمیر (آزاد کشمیر) کا شہری ہونا لازمی ہے

 کم از کم 16 سالہ تعلیم (چار سالہ بیچلر ڈگری، بی ایس، بی ایس سی یا بی ای) مکمل ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ پورے تعلیمی کیریئر میں کسی بھی مرحلے پر سیکنڈ یا تھرڈ ڈویژن نہیں ہونی چاہیے اور امیدوار کسی دوسری اسکالرشپ سے مستفید نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں:موٹر سائیکل اور گاڑی خریدنا مہنگا ہوگیا، رجسٹریشن سے پہلے نئے چارجز نافذ

عمر کی حد عام امیدواروں کے لیے 35 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ سرکاری ملازمین سرکاری جامعات کے اساتذہ اور ریسرچرز کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 40 سال ہوگی۔

اسکالرشپ کو دو کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے پہلی کیٹیگری ان امیدواروں کے لیے ہے جنہیں QS عالمی درجہ بندی کی ٹاپ 50 امریکی جامعات میں داخلہ ملے گا۔ ایسے طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس یونیورسٹی کے اصل بل کے مطابق ادا کی جائے گی جبکہ انہیں سالانہ 19,200 امریکی ڈالر وظیفہ اور 2,000 امریکی ڈالر ہیلتھ انشورنس بھی فراہم کی جائے گی۔

دوسری کیٹیگری میں QS رینکنگ 51 سے 100 کے درمیان آنے والی امریکی جامعات شامل ہیں۔ اس زمرے میں ٹیوشن فیس کی مد میں زیادہ سے زیادہ 12 ہزار امریکی ڈالر سالانہ ادا کیے جائیں گے جبکہ سالانہ 19,200 ڈالر وظیفہ اور 2,000 ڈالر ہیلتھ انشورنس بھی دی جائے گی۔

دونوں کیٹیگریز کے لیے امیدوار کے پاس متعلقہ امریکی یونیورسٹی کا داخلہ ہونا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ GRE میں کم از کم 300 نمبر یا HEC HAT ٹیسٹ میں کم از کم 60 فیصد اسکور حاصل کرنا لازمی شرط ہے۔

ایچ ای سی نے درخواستوں کے لیے دو الگ الگ آخری تاریخیں بھی مقرر کی ہیں۔ اسپرنگ/سمر 2027 داخلوں کے لیے درخواستیں 30 اکتوبر 2026 تک جمع کرائی جا سکیں گی جبکہ فال 2027 داخلوں کے لیے آخری تاریخ 30 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عدالت کا بڑا حکم، عمران خان کی بہنیں اشتہاری قرار، وارنٹ گرفتاری جاری

ایچ ای سی کے مطابق تمام درخواستیں صرف اس کے آن لائن پورٹل کے ذریعے ہی قبول کی جائیں گی جبکہ یونیورسٹیوں کی اہلیت کا تعین QS ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2027 کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد پاکستانی نوجوان محققین کو عالمی معیار کی تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنا ملک میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور مستقبل کے سائنسی و تحقیقی شعبوں کے لیے اعلیٰ تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles