موٹر سائیکل اور گاڑی خریدنا مہنگا ہوگیا، رجسٹریشن سے پہلے نئے چارجز نافذ

موٹر سائیکل اور گاڑی خریدنا مہنگا ہوگیا، رجسٹریشن سے پہلے نئے چارجز نافذ

پنجاب حکومت نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کے نظام میں بڑی تبدیلی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت اب نئی گاڑی یا موٹر سائیکل شوروم سے فروخت ہونے سے پہلے ہی رجسٹرڈ کی جائے گی۔ دوسری جانب عوام کو سہولت فراہم کرنے کے دعوؤں کے ساتھ سروس چارجز میں بھی نمایاں اضافے کی تجویز سامنے آ گئی ہے جس سے خریداروں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کے مطابق موٹر سائیکل کی رجسٹریشن کے سروس چارجز 500 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے جبکہ گاڑیوں کے سروس چارجز 2 ہزار روپے سے بڑھا کر 4 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی شرحوں کا مقصد شوروم پر ہی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنا بتایا جا رہا ہے تاہم اس اضافے پر عوامی حلقوں کی جانب سے سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام موٹر رجسٹریشن اتھارٹیز کو ڈیلرز کی رجسٹریشن کے لیے فہرستیں فراہم کر دی گئی ہیں۔ متعلقہ حکام ڈیلرز سے رابطہ کر کے انہیں وہیکل رجسٹریشن سسٹم کا حصہ بنائیں گے تاکہ خریدار کو گاڑی یا موٹر سائیکل خریدتے ہی رجسٹریشن کی سہولت میسر آ سکے۔

ایکسائز حکام کے مطابق ڈیلرز وہیکل رجسٹریشن سسٹم کے لائسنس کے حصول کو آسان بنانے کے لیے لائسنس فیس میں کمی کی سمری بھی حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شوروم اس نظام میں شامل ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، بجلی بل جمع کرانے کا نیا طریقہ متعارف

اعداد و شمار کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ 11 برس سے ڈی وی آر ایس کے صرف 102 لائسنس فعال ہیں جن میں 96 موٹر سائیکل ڈیلرز جبکہ صرف 6 کار ڈیلرز کو شوروم پر رجسٹریشن کی سہولت حاصل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں تمام گاڑی اور موٹر سائیکل ڈیلرز کو اس نظام کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ رجسٹریشن کا عمل فوری شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔ تاہم کار ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہر شوروم کو لائسنس جاری کرنے کے مجوزہ طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے مزید مشاورت کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آج رات پاکستان میں پیٹرول کتنا سستا ہو سکتا ہے؟ بڑی خبر آ گئی

ماہرین کے مطابق اگرچہ شوروم پر فوری رجسٹریشن سے شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے سے نجات مل سکتی ہے لیکن سروس چارجز میں دوگنا اضافے سے نئی گاڑی یا موٹر سائیکل خریدنے والوں پر اضافی مالی بوجھ بھی پڑے گا جس پر حتمی فیصلہ حکومت کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہوگا

Qaisar Mirza
editor

Related Articles