متحدہ عرب امارات جانیوالے پاکستانیوں کیلئے بڑی شرط لگ گئی

متحدہ عرب امارات جانیوالے پاکستانیوں کیلئے بڑی شرط لگ گئی

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ یو اے ای حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ورک ویزا حاصل کرنے کے عمل میں ایک نئی لازمی شرط عائد کر دی ہے جس کے تحت اب ہر درخواست گزار کو پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ (Good Conduct Certificate) جمع کرانا ہوگا۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ اسلام آباد کے مطابق اس نئی پالیسی پر 20 جولائی 2026 سے باقاعدہ عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔ نئی شرط کا مقصد ملازمت کے لیے آنے والے افراد کے کریمنل ریکارڈ کی جانچ کو یقینی بنانا اور ویزا نظام کو مزید مؤثر اور محفوظ بنانا ہے۔

حکام کے مطابق اب تمام پاکستانی شہری جو ملازمت کے لیے متحدہ عرب امارات کا ورک ویزا حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں ویزا درخواست کے ساتھ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔ یہ سرٹیفکیٹ پاکستان میں متعلقہ پولیس یا مجاز اتھارٹی سے حاصل کیا جائے گا جس کے بعد اسے پاکستان میں موجود متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے سے بھی تصدیق کرانا ضروری ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:موٹر سائیکل اور گاڑی خریدنا مہنگا ہوگیا، رجسٹریشن سے پہلے نئے چارجز نافذ

امیگریشن حکام نے بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویزا درخواست جمع کرانے سے قبل تمام ضروری دستاویزات مکمل کر لیں تاکہ درخواست کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 اس اقدام سے ورک ویزا کے طریقہ کار میں شفافیت آئے گی اور یو اے ای جانے والے پاکستانیوں کی دستاویزی جانچ مزید مضبوط ہوگی۔ دوسری جانب بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صرف سرکاری طور پر منظور شدہ ذرائع اور لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے ہی ویزا کارروائی مکمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی دھوکا دہی یا قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles