حکومتِ سندھ نے صوبے بھر کے سرکاری کالجز کے لیے نئے اوقاتِ کار کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت یکم اگست 2026 سے تمام سرکاری کالجز میں صبح اور شام کی شفٹوں کا نیا شیڈول نافذ ہوگا۔
محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے اوقاتِ کار کا مقصد تدریسی سرگرمیوں کو مزید منظم بنانا تعلیمی ماحول کو بہتر کرنا اور طلبہ و اساتذہ کے لیے سہولت پیدا کرنا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صبح کی شفٹ روزانہ صبح 8 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگی پیر جمعرات اور ہفتہ کے روز کالجز کی صبح کی کلاسیں دوپہر 1 بج کر 30 منٹ تک جاری رہیں گی جبکہ جمعہ کے روز صبح کی شفٹ 11 بج کر 30 منٹ پر اختتام پذیر ہوگی تاکہ نمازِ جمعہ کے پیش نظر اوقات کو مناسب بنایا جا سکے۔
دوسری جانب شام کی شفٹ کے لیے بھی الگ شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ پیر سے جمعرات اور ہفتہ کے روز شام کی کلاسیں دوپہر 3 بجے سے شام 7 بجے تک جاری رہیں گی جبکہ جمعہ کے روز شام کی شفٹ دوپہر 2 بج کر 30 منٹ سے شام 5 بجے تک ہوگی۔
محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے تمام سرکاری کالجز کے پرنسپلز اور متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ نئے اوقاتِ کار پر یکم اگست سے سختی کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کو بروقت نئے شیڈول سے آگاہ کیا جائے۔
تعلیمی حلقوں کے مطابق نئے اوقاتِ کار سے کالجوں کے تدریسی نظام میں بہتری آئے گی کلاسوں کے انعقاد میں نظم و ضبط پیدا ہوگا اور طلبہ کو اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے لیے زیادہ منظم ماحول میسر آئے گا۔ محکمہ کالج ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری کالجز میں نئے اوقات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے ذمہ دار ہوں گے