امریکا کو اپنے اقدامات کی قیمت چکانی ہو گی، ایرانی سپیکر باقر قالیباف

امریکا کو اپنے اقدامات کی قیمت چکانی ہو گی، ایرانی سپیکر باقر قالیباف

ایران کے سپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو اپنے اقدامات کی قیمت چکانا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس  پر جاری ایک بیان میں محمد باقر قالیباف نے قشم واقعے پر امریکا کو نتائج بھگتنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ قشم حملہ میناب اور لامرد واقعات کا تسلسل ہے، امریکا بے گناہ شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔

اس سے قبل ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے قشم جزیرے پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں میاں بیوی اور ان کا 2 سالہ بچہ شہید ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر دھماکے، ہر جرم، ہر پابندی، ہر دھمکی اور ہر بچے کے قتل کے ساتھ آپ ایرانی عوام کو اپنے وطن کے دفاع کیلئے مزید پرعزم اور متحد بنا دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :لبنان پر حملے بند نہ ہوئے تو امریکا سے مذاکرات روک دینگے، ایرانی سپیکر باقر قالیباف کا انتباہ

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مصر کی بندرگاہ پر دو جہازوں کو ڈرونز سے نشانہ بنائے جانے کے عمل کو اسرائیل کا فالس فلیگ آپریشن قرار دیدیا۔

اپنے بیان میں ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم سب کو اسرائیل کی ایسی سازشوں اور فالس فلیگ آپریشنز سے خبردار رہنا چاہیے جو خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کے لیے ہیں۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ خطرہ واضح اور مشترکہ ہے جو کہ مسلمانوں کے اتحاد کو لاحق ہے، ایرانی حکومت مصر کو اپنا دوست اور خطے میں اہم شراکت دار سمجھتی ہے اور اس کی سیکیورٹی ہماری انتہائی ترجیحات میں سے ہے

ادھر امریکا نے ایران کے خلاف معاشی دباؤ میں مزید اضافہ کرتے ہوئے 10 اداروں اور 8 آئل ٹینکروں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کے ذریعے مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کیے گئے ہیں۔

editor

Related Articles