سکول تبدیل ہو یا کلاس ہر طالب علم کا تعلیمی ریکارڈ محفوظ رہے گا، حکومت کا نیا منصوبہ آ گیا

سکول تبدیل ہو یا کلاس ہر طالب علم کا تعلیمی ریکارڈ محفوظ رہے گا، حکومت کا نیا منصوبہ آ گیا

محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری اسکولوں میں زیرِ تعلیم تقریباً ڈیڑھ کروڑ طلبہ کے لیے یونیک آئی ڈی اور یونیفائیڈ ڈیٹا سسٹم متعارف کرانے پر کام شروع کر دیا ہے اس جدید نظام کا مقصد طلبہ کا مکمل تعلیمی ریکارڈ محفوظ بنانا  نگرانی کے نظام کو مؤثر کرنا اور تعلیمی انتظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت ہر طالب علم کو ایک منفرد (یونیک) شناختی نمبر جاری کیا جائے گا جس کی مدد سے اس کی تعلیمی سرگرمیوں امتحانی نتائج اور بنیادی معلومات تک فوری رسائی ممکن ہوگی۔

اس نظام کے ذریعے طلبہ کی پاس یا فیل ہونے کی تفصیلات زیرِ تعلیم جماعت عمر صحت سے متعلق بنیادی معلومات رہائشی شہر اور دیگر ضروری ریکارڈ ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگا۔ اس کے علاوہ اگر کوئی طالب علم ایک سرکاری اسکول سے دوسرے اسکول میں منتقل ہوتا ہے تو اس کی یونیک آئی ڈی تبدیل نہیں ہوگی جس سے اس کا مکمل تعلیمی ریکارڈ محفوظ رہے گا اور نئے ادارے کو بھی فوری دستیاب ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:نئے صوبوں کے قیام پر اہم پیش رفت؟ طلال چوہدری کا بڑا بیان

سیکرٹری اسکول ایجوکیشن مدثر ریاض کے مطابق اس منصوبے کا مقصد تعلیمی نظام میں شفافیت مؤثر نگرانی اور بہتر منصوبہ بندی کو یقینی بنانا ہے ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں یہ سہولت صرف سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے لیے متعارف کرائی جائے گی جبکہ اگلے مرحلے میں نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے بھی یونیک آئی ڈی لازمی قرار دی جائے گی تاکہ پورے صوبے کا تعلیمی ڈیٹا ایک مربوط نظام کے تحت لایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے پر عمل درآمد وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد شروع کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس جدید ڈیجیٹل نظام سے طلبہ کی ٹریکنگ تعلیمی منصوبہ بندی داخلوں، حاضری اسکول تبدیلی اور تعلیمی کارکردگی کی نگرانی پہلے سے کہیں زیادہ مؤثر اور آسان ہو جائے گی جبکہ پالیسی سازی میں بھی درست اور بروقت ڈیٹا دستیاب ہوگا۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles