بیلاروس کے چیف آف جنرل اسٹاف کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات
Home - آزاد انتخاب - بیلاروس کے چیف آف جنرل اسٹاف کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات
بیلاروس کے چیف آف جنرل اسٹاف اور فرسٹ ڈپٹی وزیر دفاع میجر جنرل پاویل موراویئیکو کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں وفد نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور، علاقائی بحری سلامتی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی، ہمہ جہت اور مضبوط تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔
بیلاروس کے دفاعی وفد کے سربراہ میجر جنرل پاویل موراویئیکو نے علاقائی بحری سلامتی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے کردار، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے اس حوالے سے پاکستان نیوی کی کوششوں کی تعریف کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے موجودہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور باہمی مفاد کے شعبوں میں اشتراک کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو نئی جہت مل سکے۔