واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے، جس کی مدد سے چینلز سے ڈاؤن لوڈ ہونے والی تصاویر، ویڈیوز اور دیگر میڈیا فائلوں کو آسانی سے منظم اور حذف کیا جا سکے گا، جس سے فون میں اضافی اسٹوریج خالی کرنے میں مدد ملے گی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ وابیٹاانفو کے مطابق ’’چینل سٹورج کلین ایپ‘‘ نامی یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے بیٹا ورژن استعمال کرنے والے اینڈرائیڈ صارفین کو مرحلہ وار فراہم کیا جا رہا ہے، اس لیے یہ فی الحال تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔
اس سے قبل صارفین کو چینلز کی میڈیا فائلیں حذف کرنے کے لیے واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر ہر فائل الگ الگ منتخب کرنا پڑتی تھی، تاہم نئے فیچر کے ذریعے تصاویر، ویڈیوز، اسٹیکرز اور وائس نوٹس کو الگ الگ کیٹیگریز میں فلٹر کیا جا سکے گا، جس سے غیر ضروری فائلیں حذف کرنا زیادہ آسان اور تیز ہو جائے گا۔
واٹس ایپ نے اس فیچر تک رسائی کے دو طریقے بھی متعارف کرائے ہیں۔ پہلے طریقے میں صارف چینل انفارمیشن اسکرین کے ذریعے کسی ایک چینل کی محفوظ میڈیا فائلیں دیکھ کر اپنی ضرورت کے مطابق انہیں حذف کر سکتے ہیں۔
دوسرے طریقے میں اپ ڈیٹس ٹیب کے اندر ایک یا ایک سے زیادہ چینلز منتخب کرکے کلئیر میڈیا فائلز کے آپشن کے ذریعے متعدد چینلز کی میڈیا فائلیں ایک ساتھ ڈیلیٹ کی جا سکیں گی۔
یہ نیا فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ثابت ہوگا جو متعدد واٹس ایپ چینلز کو فالو کرتے ہیں اور جن کے فون کی اسٹوریج میڈیا فائلوں کی وجہ سے جلد بھر جاتی ہے۔