چینی ٹیکنالوجی کمپنی شیاؤمی نے الیکٹرک گاڑیوں کی دنیا میں ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے اپنی نئی اسمارٹ ایس یو وی سیریز ’’اسکائی نومیڈ‘‘ متعارف کرا دی ہے، جسے روایتی گاڑی کے بجائے ایک ایسی “متحرک رہائشی جگہ” کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو مختلف ضروریات کے مطابق خود کو تبدیل کرسکے۔
کمپنی کے مطابق نئی سیریز صرف مکمل الیکٹرک نظام پر انحصار نہیں کرتی بلکہ اس میں ایک اندرونی پیٹرول جنریٹر بھی شامل ہے، جو ضرورت پڑنے پر بیٹری کو چارج کرکے گاڑی کی سفر کی حد (رینج) میں اضافہ کرتا ہے۔
شیاؤمی کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے متعارف کرائی گئی ایس یو7 اوروائےیو 7 سیریز بنیادی طور پر ڈرائیور کے تجربے کو بہتر بنانے پر مرکوز تھیں، جبکہ اسکائی نومیڈ کو گاڑی میں موجود تمام مسافروں کی سہولت اور آرام کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اسکائی نومیڈ کا سب سے نمایاں پہلو اس کا ازخود تبدیل ہونے والا اندرونی ڈیزائن ہے، جو دن بھر مختلف استعمالات کے مطابق اپنی ترتیب بدل سکتا ہے۔ گاڑی میں کشادہ کیبن، ہموار فرش، لمبی ریل پر نصب نشستیں اور ایسا اسمارٹ لے آؤٹ دیا گیا ہے جسے ضرورت کے مطابق دفتر، آرام گاہ یا خاندانی سرگرمیوں کی جگہ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
نئے ’’کنلون‘‘ پلیٹ فارم پر تیار
اسکائی نومیڈ سیریز کو شیاؤمی کے نئے کنلون پلیٹ فارم پر تیار کیا گیا ہے، جس پر کمپنی نے 2023 میں کام شروع کیا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران گاڑی مسافروں، سامان اور پالتو جانوروں کے لیے زیادہ جگہ فراہم کرتی ہے، جبکہ پارک ہونے کے بعد یہی کیبن ایک چھوٹے دفتر، آرام گاہ یا بچوں کے لیے سرگرمیوں کی جگہ میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
شیاؤمی نے اعلان کیا ہے کہ اسکائی نومیڈ سیریز جلد چین میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔ کمپنی کے مطابق اس منصوبے کی تیاری پر تقریباً ساڑھے 3سال تک کام کیا گیا۔
یاد رہے کہ شیاؤمی نے 2023 میں ’’ہیومن کار ہوم ‘‘اسمارٹ ایکو سسٹم متعارف کرایا تھا، جس کے تحت اسمارٹ فونز، اسمارٹ ہوم ڈیوائسز اور الیکٹرک گاڑیوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جوڑا جا رہا ہے۔