حکومت نے نادرا کے تعاون سے بزرگ پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے طریقے میں مزید آسانی کردی ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سے قبل پنشنرز کو ہر چھ ماہ بعد بینک جاکر اپنی زندگی کا ثبوت دینا پڑتا تھا لیکن اب بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ، اس طریقے سے بہت سے پنشنرز گھر سے ہی اپنا کام مکمل کرسکتے ہیں۔
موبائل فون نہ رکھنے والے پنشنرز کیا کریں؟
رپورٹ کے مطابق ایک شہری کی جانب سے یہ سوال اٹھایا گیا کہ جن پنشنرز کے پاس موبائل فون نہیں، یا جو موبائل استعمال کرنا بالکل نہیں جانتے خاص طور پر بزرگ بیوہ خواتین، وہ اپنی بائیومیٹرک تصدیق اور پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کیسے حاصل کریں گی؟
اس سوال پر نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر سید شباہت علی نے وضاحت کی ہے کہ موبائل فون نہ رکھنے والے پنشنرز بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور ایسے افراد کو اپنا پروف آف لائف سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے گھر کے قریب موجود نادرا دفتر جانا ہوگا۔
نادرا دفتر میں بائیومیٹرک تصدیق کے بعد متعلقہ پنشنر کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے ، اس طرح موبائل فون نہ ہونا اس سہولت کے حصول میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔
نادرا سہولت فرنچائز
اس کے ساتھ ساتھ کسی پنشنر کے گھر کے قریب نادرا دفتر موجود نہیں تو اس کے لیے ایک اور سہولت بھی دستیاب ہے وہ یہ کہ مذکورہ پنشنرز اپنے قریبی سہولت فرنچائز سے بھی پروف آف لائف سرٹیفکیٹ بنوا سکتے ہیں۔