عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، اوگرا ذرائع کے مطابق 5 اگست سے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد برینٹ اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ آئل سستا ہو گیا ہے،تازہ اعداد و شمار کے مطابق WTI کروڈ آئل کی قیمت میں 3.50 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ کم ہو کر 77.23 ڈالر فی بیرل پر آ گئی،اسی طرح برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 2.76 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ کی قیمت 81.46 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
پاکستان میں قیمتوں میں کمی کا امکان
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور درآمدی لاگت میں ممکنہ کمی کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کی توقع کی جا رہی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اوگرا ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک دن کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق قیمتوں میں کمی کا حتمی فیصلہ عالمی منڈی کے نرخ، ڈالر کی قدر اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا نئی قیمتوں کا باقاعدہ اعلان اوگرا کی جانب سے کیا جائے گا ۔