راولا کوٹ بس ٹرمینل پر پولیس کارروائی کے دوران فائرنگ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے متعدد اہلکار زخمی

راولا کوٹ بس ٹرمینل پر پولیس کارروائی کے دوران فائرنگ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے متعدد اہلکار زخمی

آزاد جموں و کشمیر کے شہر راولا کوٹ میں بس ٹرمینل سے رکاوٹیں ہٹانے کے دوران پولیس پر کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں نے فائرنگ کردی، شرپسندوں کی جانب سے جدید اور خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

ترجمان پونچھ ریجن پولیس کے مطابق راولا کوٹ بس ٹرمینل سے فسادی جتھوں کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں ہٹانے کے دوران کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر نے پولیس پر شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کئی اہلکار زخمی ہوئے۔

خودکار ہتھیاروں اور گرینیڈ لانچر کا استعمال

ترجمان پولیس پونچھ ریجن کے مطابق واقعے کی ویڈیو میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں کو سرعام خودکار ہتھیاروں اور آٹومیٹک گرینیڈ لانچر کا استعمال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ جدید اسلحے کے استعمال سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بے بنیاد، گمراہ کن پروپیگنڈا اور من گھڑت دعوے پھیلائے جا رہے ہیں تاکہ اصل صورتحال کو مسخ کرکے عوام کے سامنے پیش کیا جاسکے۔

ترجمان کے مطابق فسادی جتھہ روزِ اول سے بیرونی آقاؤں کی ایما پر علاقے میں بدامنی پھیلانے کے لیے جدید ہتھیاروں کا استعمال کر رہا ہے اور اس کے عزائم آزاد کشمیر کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

عوام نے ریاست مخالف ایجنڈا مسترد کردیا، پولیس ترجمان

پولیس ترجمان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے غیور عوام ریاست مخالف عزائم رکھنے والے فسادی جتھے کے گمراہ کن ایجنڈے کو پہلے ہی یکسر مسترد کر چکے ہیں۔ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

editor

Related Articles