نکاح رجسٹریشن کے پرانے طریقے بدل گئے، بلوچستان میں ڈیجیٹل نظام کا آغاز، سرٹیفکیٹ آن لائن دستیاب

نکاح رجسٹریشن کے پرانے طریقے بدل گئے، بلوچستان میں ڈیجیٹل نظام کا آغاز، سرٹیفکیٹ آن لائن دستیاب

بلوچستان میں شادی اور نکاح کی رجسٹریشن کے نظام میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حکومتِ بلوچستان اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے باہمی تعاون سے صوبے میں پہلی بار ڈیجیٹل نکاح رجسٹرار رجسٹریشن اور ڈیجیٹل سولمنائزیشن ماڈیول کا پائلٹ بنیادوں پر کامیاب آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی یونین کونسل حاجی غیبی روڈ، وارڈ نمبر 22 میں پہلی ڈیجیٹل نکاح رجسٹریشن مکمل کرتے ہوئے میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (MRC) جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے پہلے ڈیجیٹل نکاح رجسٹرار مولوی سمیع اللہ کی رجسٹریشن اور لائسنس 28 اکتوبر 2026 کو جاری کیا گیا، جبکہ ان کے ذریعے پہلے نکاح کی ڈیجیٹل رجسٹریشن 29 اکتوبر کو مکمل ہوئی اور 30 اکتوبر 2026 کو پہلا میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔

نئے نظام کے تحت رجسٹرڈ نکاح رجسٹرار نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے نکاح کی مکمل تفصیلات اور ضروری دستاویزات متعلقہ یونین کونسل کو ڈیجیٹل طریقے سے ارسال کر سکیں گے۔

یونین کونسل سیکریٹری کی جانب سے دستاویزات کی تصدیق اور منظوری کے بعد میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ خودکار طریقے سے تیار ہو جائے گا، جسے نکاح رجسٹرار کے علاوہ دلہا اور دلہن بھی اپنے اپنے پاک آئی ڈی اکاؤنٹس کے ذریعے ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کر سکیں گے۔

اس ڈیجیٹل نظام کا بنیادی مقصد نکاح اور شادی کی رجسٹریشن کے عمل کو زیادہ شفاف، محفوظ، مؤثر اور تیز رفتار بنانا ہے، تاکہ روایتی دستی کارروائیوں میں کمی لائی جا سکے اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

پائلٹ منصوبے کی کامیاب تکمیل میں ڈپٹی ڈائریکٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ ڈاکٹر نوشین خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سی آر وی ایس نادرا داؤد مومند اور فیلڈ آفیسر ضلع کوئٹہ محمد عارف نے اہم کردار ادا کیا۔

بلوچستان کے پہلے ڈیجیٹل رجسٹرڈ نکاح رجسٹرار مولوی سمیع اللہ نے نئے نظام کے تحت پہلی نکاح رجسٹریشن مکمل کرکے صوبے میں ڈیجیٹل سول رجسٹریشن کے نئے مرحلے کا آغاز کیا۔

حکام کے مطابق پائلٹ منصوبے کی کامیابی بلوچستان میں سول رجسٹریشن سروسز کو ڈیجیٹل بنانے کی جانب اہم سنگِ میل ہے، جس سے مستقبل میں صوبے کی دیگر یونین کونسلز تک اس سہولت کو توسیع دینے کی راہ ہموار ہوگی۔

Related Articles