فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ، اسپیشل فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ، اسپیشل فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ کیا، جہاں پہنچنے پر جی او سی ایس ایس جی نے ان کا استقبال کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے ایس ایس جی اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

ایس ایس جی کی جنگی تیاریوں اور جدید صلاحیتوں پر بریفنگ

دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مختلف مشنز کی انجام دہی کے لیے استعداد کار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل نے جدید ترین خصوصی آلات اور سازوسامان کا معائنہ بھی کیا، جبکہ ایس ایس جی کے جوانوں نے خصوصی آپریشنز میں اپنی جنگی مہارت، پھرتی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اہداف کو انتہائی درستگی سے حاصل کرنے کی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا۔

فیلڈ مارشل کا جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا اعتراف

افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور فرائض سے غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر ’لیوہائی شنگ‘کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل تربیت، مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر غیر معمولی توجہ ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ جدید سیکیورٹی چیلنجز کے مقابلے میں برتری برقرار رکھنے کے لیے پیشہ ورانہ تربیت اور جنگی استعداد کو مسلسل بہتر بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے ایس ایس جی کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملک کے دفاع کے لیے اس کے عزم کو سراہا۔

Related Articles