معروف بھارتی ادا کار چلے بسے ، فلم انڈسٹری میں سوگ

معروف بھارتی ادا کار چلے بسے ، فلم انڈسٹری میں سوگ

بھارتی فلموں میں اپنے منفرد اندازِ اداکاری اور یادگار منفی کرداروں کے باعث شہرت حاصل کرنے والے معروف اداکار پردیپ راوت 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ ایک ماہ سے کینسر کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پردیپ راوت کی صحت کچھ عرصے سے مسلسل خراب تھی۔ ان کے منیجر سدھارتھ تیواری نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار کو کینسر دوبارہ لاحق ہو گیا تھا جو بعد ازاں شدت اختیار کر گیا اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔

پردیپ راوت بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی گہری آواز، باوقار شخصیت اور طاقتور منفی کرداروں کی وجہ سے منفرد پہچان رکھتے تھے۔ انہوں نے کئی کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور شائقین کے دلوں میں خاص مقام بنایا۔

 یہ بھی پڑھیں :حقیقت دکھانے کی سزا؟ سکھ رہنما کی زندگی پر مبنی فلم ستلج بھارت میں ہٹا دی گئی

انہیں عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ‘گجنی’ میں ولن کے کردار سے غیر معمولی شہرت ملی جبکہ آسکر کے لیے نامزد ہونے والی فلم ‘لگان’ میں ادا کیا گیا ان کا کردار دیوا بھی شائقین اور ناقدین دونوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے ‘راؤڈی راٹھور’، ‘سائے’ اور متعدد ہندی و جنوبی بھارتی فلموں میں بھی یادگار کردار ادا کیے۔ ان کی اداکاری کا انداز اور اسکرین پر مضبوط موجودگی انہیں ہم عصر اداکاروں سے ممتاز بناتی تھی۔

پردیپ راوت اپنے پسماندگان میں اہلیہ اور بیٹے وکرم آدتیہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں غم کی لہر دوڑ گئی، جبکہ فنکاروں، مداحوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

 یہ بھی پڑھیں :بھارتی سینما کبھی ہالی ووڈ جیسا نہیں بن سکتا، پریانکا چوپڑا

اداکار یشپال شرما، جنہوں نے فلم ‘لگان’ میں پردیپ راوت کے ساتھ کام کیا تھا، نے سوشل میڈیا پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پردیپ راوت نہ صرف ایک باصلاحیت اداکار تھے بلکہ ایک شفیق اور خوش اخلاق انسان بھی تھے، جن کی فنی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

editor

Related Articles