استعفے کی افواہیں بے بنیاد، عہدے پر برقرار رہوں گا: ایرانی صدر مسعود پزشکیان

استعفے کی افواہیں بے بنیاد، عہدے پر برقرار رہوں گا: ایرانی صدر مسعود پزشکیان

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے استعفیٰ دینے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے عہدے پر برقرار ہیں اور بطور صدر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

دو سالہ حکومتی مدت مکمل ہونے پر ایک ٹی وی انٹرویو میں صدر مسعود پزشکیان نے اپنے استعفے سے متعلق خبروں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کبھی مستعفی ہونے کا فیصلہ کریں گے تو اس کا اعلان خود کریں گے تاہم اس وقت ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے اختلافات کی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر دانستہ طور پر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انتظامیہ اور سپریم لیڈر کے درمیان اختلافات موجود ہیں حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران کشیدگی نہیں چاہتا، لیکن ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،مسعود پزشکیان

صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت اور مسلح افواج کے درمیان مکمل رابطہ اور ہم آہنگی موجود ہے جبکہ ریاستی ادارے باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں کے مطابق کام جاری رکھے گی اور مختلف شعبوں میں اصلاحات اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔

اس سے قبل ایرانی صدر کے ڈپٹی انفارمیشن افسر مہدی طباطبائی بھی استعفے سے متعلق خبروں کی تردید کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی انتہاپسند عناصر جان بوجھ کر افواہیں پھیلا رہے ہیں تاکہ قومی اتحاد کو نقصان پہنچایا جا سکے اور ایران کے مخالفین کو فائدہ حاصل ہو۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکی حملوں سے نقصانات، ایرانی صدر کا عالمی فورمز پر معاملہ اٹھانے کا اعلان

حکام کا کہنا ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دے رہی ہے اور استعفے یا اعلیٰ قیادت میں اختلافات سے متعلق زیر گردش اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔

editor

Related Articles