موسلا دھار بارش ، ندی نالوں میں طغیانی، این ڈی ایم اے کا ہنگامی الرٹ جاری

موسلا دھار بارش ، ندی نالوں میں طغیانی، این ڈی ایم اے کا ہنگامی الرٹ جاری

 اسلام آباد: راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے آمدورفت میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں جبکہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں وقفے وقفے سے ہونے والی تیز بارش کے باعث اہم شاہراہوں، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ کئی مقامات پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں بھی دیکھنے میں آئیں جبکہ شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 یہ بھی پڑھیں :مون سون بارشیں،جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہو گئی ، 154 زخمی ،محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

بارش کے باعث ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد متعلقہ اداروں نے صورتحال کی مسلسل نگرانی شروع کر دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے شدید بارشوں کے پیش نظر ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، واسا، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

این ڈی ایم اے نے والدین کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ بچوں کو بارش کے پانی، ندی نالوں اور کھلے مین ہولز کے قریب جانے سے روکیں جبکہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے حتیٰ الامکان اجتناب کیا جائے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں یا ریسکیو سروسز سے رابطہ کریں۔

 یہ بھی پڑھیں :ملک میں شدید بارشیں کب تک رہیں گی،محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی آ گئی

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا موجودہ سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بھی مختلف علاقوں میں جاری رہ سکتا ہے جس کے باعث مزید علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں بجلی کی کھلی تاروں، زیر آب سڑکوں اور تیز بہاؤ والے برساتی نالوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

editor

Related Articles