محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی ہے۔
آج علی الصبح لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں بھی نمایاں کمی آئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں 20 سے 80 فیصد تک بارش کا امکان ہے۔ شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور دن بھر وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے ، لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔
دوسری جانب کراچی میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے، جہاں بادلوں اور دھوپ کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر زیادہ تر آسمان ابر آلود رہے گا، موسم مرطوب رہے گا، جبکہ شام کے وقت ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج بارش کی پیشگوئی کی ہے ، دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ صبح اور شام کے وقت بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔