پولیس کا خواتین سے متعلق نیا حکم نامہ، بڑی پابندی عائد

پولیس کا خواتین سے متعلق نیا حکم نامہ، بڑی پابندی عائد

لاہور پولیس نے خواتین کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنانے کے لیے نئی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) جاری کرتے ہوئے غروبِ آفتاب کے بعد خواتین کے تھانوں میں موجود رہنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

جاری کردہ احکامات کے مطابق خواتین کو سورج غروب ہونے سے قبل تھانوں سے روانہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مدعی یا الزام علیہ خاتون کو غروبِ آفتاب کے بعد کسی بھی تھانے میں طلب نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اگر کسی ہنگامی صورتحال کے باعث کسی خاتون کو تھانے میں رکھنا ناگزیر ہو تو اس کے لیے متعلقہ اعلیٰ افسر کی پیشگی منظوری لازمی ہوگی۔ اس کے علاوہ خواتین سے متعلق تمام قانونی کارروائیاں حتیٰ الامکان دن کی روشنی میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عوام، پولیس اور فوج ایک صف میں، سوات میں پاک فوج اور پولیس کی مشترکہ فلیگ ریلی

نئے حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ خاتون کی درخواست فوری طور پر سنی جائے گی اور اس کے مسئلے کے حل کو ترجیح دی جائے گی تاکہ انہیں غیر ضروری انتظار یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے اس سلسلے میں تمام ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق حالیہ واقعے کے تناظر میں یہ نئی ایس او پیز نافذ کی گئی ہیں، جن کا مقصد خواتین کے تحفظ، سلامتی اور وقار کو مزید مؤثر انداز میں یقینی بنانا ہے۔

Related Articles