پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی دعوت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کو غیر ضروری بیانات اور فوٹو سیشن میں کوئی دلچسپی نہیں، اگر مذاکرات کرنے ہیں تو حکومت سنجیدگی اور مخلصانہ رویہ اختیار کرے۔
یہ پیشرفت پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کے بعد سامنے آئی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری بھی شریک تھے۔
بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مذاکرات کے لیے سنجیدہ کوششوں اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ مذاکرات کس سے، کن امور پر اور کب ہوں گے، جبکہ زبانی بیانات اور غیر ضروری اعلانات سے صرف وقت ضائع ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران حکومتی نمائندوں نے پاکستان تحریک انصاف کو باضابطہ طور پر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے تجویز دی کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی کی تجویز کردہ جگہ پر مذاکرات کا انعقاد کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سیاسی مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب مذاکرات کے حوالے سے “گیند پی ٹی آئی کے کورٹ میں ہے”، کیونکہ وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو دی گئی مذاکرات کی دعوت کا تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔
طارق فضل چوہدری نے امید ظاہر کی کہ پاکستان تحریک انصاف حکومتی دعوت کو سنجیدگی سے لے گی اور سیاسی معاملات کے حل کے لیے مذاکراتی عمل میں مثبت کردار ادا کرے گی۔