محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی آگئی، کئی علاقوں کے لیے الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی آگئی،  کئی علاقوں کے لیے الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور بالائی و وسطی پنجاب کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ ملک کے دیگر بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس برقرار رہے گا۔

جمعہ کے روز بھی ملک کے بیشتر حصوں میں گرم اور مرطوب موسم رہنے کا امکان ہے، تاہم شام اور رات کے اوقات میں کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں مختلف مقامات پر بارش کی توقع ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ شام اور رات کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک والی بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھین: سپارکو کا گلگت میں ’’اسپیس فار کلائمیٹ‘‘ سمپوزیم، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور

خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، باجوڑ اور دیگر بالائی اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں ہری پور، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ اور وزیرستان کے چند علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

پنجاب میں دن کے وقت موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم شام اور رات کے دوران راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، خوشاب، میانوالی، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ اور شیخوپورہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور ملحقہ علاقوں میں شام اور رات کے وقت بارش کا امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

Related Articles