وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر ردوبدل کرتے ہوئے عوام کو جزوی ریلیف فراہم کر دیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے، جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق 7 اگست سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 19 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 329 روپے 82 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل 382 روپے 36 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
حکومت کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین موجودہ پالیسی کے تحت روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل اوگرا نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد 6 اگست کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔ تاہم نئے نوٹیفکیشن کے تحت دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ کمی کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے 17 جولائی کو اعلان کیا تھا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جس کے تحت اوگرا روزانہ نئی قیمتوں کا تعین کرکے نوٹیفکیشن جاری کرتی ہے۔
روزانہ قیمتوں کے تعین کے نظام کے نفاذ کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کئی مرتبہ اضافہ اور کمی کی جا چکی ہے، جس کے باعث صارفین کو تقریباً روزانہ نئی قیمتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔