کے پی پولیس ایکٹ وفاقی قوانین سے متصادم،غیر آئینی اور غیر قانونی ہے،بیرسٹر عقیل

کے پی پولیس ایکٹ وفاقی قوانین سے متصادم،غیر آئینی اور غیر قانونی ہے،بیرسٹر عقیل

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے خیبرپختونخوا حکومت کے مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کو صوبائی حکومت کے تابع لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) افسران کی تعیناتی کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے اختیار ولی خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا مجوزہ پولیس ایکٹ سیاسی نوعیت کا ہے۔ ان کے مطابق پولیس فورس کو صوبائی حکومت کے تابع لانے کے لیے یہ قانون لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس پی افسران کی تعیناتی صرف وفاقی حکومت کر سکتی ہے اور صوبائی کابینہ کے پاس ایسا قانون منظور کرنے کا اختیار نہیں کہ جس کے ذریعے وفاقی سروس کے افسران کی تعیناتی کا طریقہ تبدیل کیا جا سکے۔

نیا رواج قائم کرنے کی کوشش

وزیر مملکت نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے پی ایس پی افسران کی تعیناتی کے حوالے سے نیا طریقہ رائج کرنے کی کوشش آئینی اور قانونی دائرہ اختیار سے متصادم ہے،ان کا کہنا تھا کہ صوبے اپنی سطح پر پی ایس پی افسران کی تعیناتی سے متعلق ایسے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کر سکتے جو وفاقی اختیار میں آتے ہوں۔

خیبرپختونخوا کی صورتحال پر تنقید

بیرسٹر عقیل ملک نے خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ 13 سال سے صورتحال خراب ہے، دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے، لیکن اس کے باوجود احتجاجی سیاست کی جا رہی ہے،انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک طرف صوبے میں دہشت گردی کا مسئلہ موجود ہے اور دوسری جانب پولیس کو صوبائی حکومت کے تابع لانے کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کے پی حکومت لانگ مارچ کے بجائے د ہشتگردی پر قابو پانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے،رانا تنویرحسین

پولیس ایکٹ 2026 کا مسودہ

خیبرپختونخوا کابینہ نے 23 ستمبر کو پولیس ایکٹ 2026 کے مسودے کی منظوری دی تھی۔ مجوزہ قانون میں پولیس کے پالیسی، انتظامی، آپریشنل اور مالی معاملات میں صوبائی حکومت کے اختیارات بڑھانے کی تجاویز شامل ہیں،اس مجوزہ قانون پر وفاقی حکومت کی جانب سے بھی اعتراضات سامنے آئے ہیں۔

طلال چودھری کا بھی اعتراض

وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے بھی خیبرپختونخوا کے مجوزہ پولیس قانون کو آئین اور پاکستان پولیس سروس کے قواعد سے متصادم قرار دیا ہے،وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان پولیس کے انتظامی معاملات اور افسران کی تعیناتی کے اختیار پر اختلاف اس قانون کے حوالے سے اہم معاملہ بن گیا ہے۔

پی ٹی آئی پولیس کو عسکری ونگ بنانا چاہتی ہے، اختیار ولی

میڈیا سے گفتگو میں اختیار ولی خان نے پی ٹی آئی کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پارٹی خیبرپختونخوا پولیس کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پولیس کو اپنے عسکری ونگ میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور صوبائی حکومت پولیس کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتی ہے۔

صوبائی حکومت پرتنقید

اختیار ولی خان نےکہا کہ خیبرپختونخوا انتظامی حوالے سے مسائل کا شکار ہے اور صوبے میں پی ٹی آئی کی احتجاجی سیاست میں اضافہ ہو رہا ہے،انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر الزام عائد کیا کہ وہ صوبائی پولیس کو احتجاج اور سیاسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

وفاق سے تصادم کا خدشہ

اختیار ولی خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے تیار کیا گیا قانون وفاقی حکومت کے اختیارات سے متصادم ہے اور اس کے ذریعے وفاق کے ساتھ تصادم کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آخری حد تک صبر کا مظاہرہ کریں گے اور جب تک صوبے کے عوام اور سیاسی جماعتیں آواز نہیں اٹھاتیں، گورنر راج نافذ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں صوبائی حکومت کے اقدامات وفاق اور صوبے کے درمیان اختیارات کے معاملے پر مزید کشیدگی کا باعث بن سکتے ہیں۔

editor

Related Articles