پاکستان کے محمد زبیر نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں ٹیکن 8 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا،محمد زبیر نے فائنل میں جنوبی کوریا کے معروف کھلاڑی لو ہائی کو یکطرفہ مقابلے میں 5-0 سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا اور پاکستان کا نام عالمی ای اسپورٹس مقابلے میں روشن کردیا۔
32 کھلاڑی مد مقابل
پیرس کے ایکسپو پورٹ دے ورسائی میں 5 سے 8 اگست تک ہونے والے ٹیکن 8 کے مقابلے میں دنیا بھر سے 32 کھلاڑیوں نے شرکت کی،محمد زبیر نے ٹائٹل جیتنے کے ساتھ 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی حاصل کی، جبکہ انہیں کلب چیمپئن شپ کے 1 ہزار پوائنٹس بھی ملے۔
محمد زبیر نے فائنل سے قبل سیمی فائنل میں اپنے ہی ہم وطن اور عالمی سطح پر معروف کھلاڑی ارسلان ایش کا سامنا کیا،دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جس میں محمد زبیر نے ارسلان ایش کو 5-4 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
ارسلان ایش چوتھے نمبر پر
ارسلان ایش سیمی فائنل میں شکست کے بعد تیسری پوزیشن کے میچ میں آسٹریلیا کے یگامی کے خلاف بھی کامیابی حاصل نہ کرسکے، جس کے بعد انہیں ٹورنامنٹ میں چوتھی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔
ارسلان ایش اس سے قبل دو ماہ پہلے لاس ویگاس میں ہونے والی 2026 ایوو چیمپئن شپ جیت چکے ہیں اور مسلسل چوتھی مرتبہ عالمی اعزاز اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
محمد زبیر کو خراجِ تحسین
محمد زبیر کی شاندار کامیابی پر اسپورٹس ورلڈ کپ کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا،ٹیکن دنیا کی معروف فائٹنگ گیمز میں شمار ہوتی ہے اور ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں اس کے علاوہ بھی کئی مقبول گیمز کے مقابلے منعقد کیے گئے۔
محمد زبیر کی کامیابی کو پاکستانی ای اسپورٹس کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بھی نمایاں کرنے میں یہ کامیابی اہم پیش رفت ہے۔