وفاقی وزرا اور اراکین پارلیمنٹ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ باہمی دفاعی معاہدے کو تینوں ممالک اور پورے خطے کے مفاد میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدہ امن، سلامتی اور استحکام کے لیے نئی راہیں ہموار کرے گا۔
مختلف وفاقی وزرا، مشیران اور اراکین پارلیمنٹ نے معاہدے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
امن کیلئے اہم قدم
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن کی ضمانت فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے امن اور سلامتی کے لیے ممالک کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون ناگزیر ہے، جبکہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سے باہمی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پورا پاکستان اس مشترکہ دفاعی معاہدے کو تاریخی پیش رفت کے طور پر دیکھ رہا ہےمکہ دفاعی معاہدہ امن، سلامتی اور استحکام کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب اب اپنے دفاع کے حوالے سے ایک مشترکہ فریم ورک کے تحت آگے بڑھیں گے،عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ میں کردار ادا کرنے کا اعزاز حاصل ہے اور تینوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ باہمی مفاد میں ہے۔
مشترکہ وژن حقیقت بن گیا
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مشترکہ وژن حقیقت کا روپ اختیار کرگیا ،انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان معاہدے پر وزیراعظم کی جانب سے دستخط ہونا پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
ایک پر حملہ، سب پر حملہ
وفاقی وزیر اویس لغاری نے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں ممالک کے مفاد اور عوام کے تحفظ کے لیے اہم ہے،انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت ایک ملک پر بیرونی حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جو مشترکہ دفاع کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے کہا کہ تاریخی دفاعی معاہدے سے خطے میں امن کی راہیں ہموار ہوئی ہیں،انہوں نے سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے یہ معاہدہ ممکن ہوا، جبکہ دفاعی تعاون کے اس اقدام سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا ہے۔
مسلم امہ کیلئے تاریخی لمحہ
ڈاکٹر فضل چوہدری نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے سے خطے میں پائیدار امن کی بنیاد رکھی گئی ہے اور تینوں ممالک کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،انہوں نے معاہدے کو مسلم امہ کے لیے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
امت مسلمہ کا مفاد
وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ مسلم امہ کے مفاد میں اہم پیش رفت ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کے نتیجے میں یہ معاہدہ ممکن ہوا۔
نئی امید
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ مکہ باہمی دفاعی معاہدہ امن، سلامتی اور استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے، تاریخی معاہدے سے امت مسلمہ کو نئی امید ملی ہے جبکہ اس کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت مزید بڑھے گی۔
اسلامی اتحاد کی بنیاد
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا کہ مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین پر تاریخی معاہدے کا ہونا پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز ہے،انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سے امن کی نئی راہیں ہموار ہوں گی اور یہ معاہدہ مسلم امہ کے اتحاد کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس تعاون سے اسلامی ممالک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
قیادت نے بڑا فیصلہ کیا
رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ پوری امت مسلمہ کے لیے خوشی اور فخر کا باعث ہے،انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کی قیادت نے مشترکہ فیصلہ کرکے ثابت کیا ہے کہ مضبوط قیادت اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ معاہدے کے تحت کسی ایک رکن ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور ہوگا۔
اقلیتی برادری کی مبارکباد
رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین پر ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے اور یہ معاہدہ مسلم امہ کے لیے غیر معمولی فخر کا لمحہ ہے،انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں، خلوص اور قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقلیتی برادری دونوں رہنماؤں کو اس کامیابی پر مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
پاکستان کیلئے سنگ میل
رکن قومی اسمبلی دانیال چوہدری نے مکہ دفاعی معاہدے کو پاکستان کے لیے بڑا سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ ملے گا،انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والے دنوں میں مزید مضبوط اور طاقتور ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے بھی مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔