خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال میں شدید بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب کے باعث مختلف علاقوں میں سڑکیں، پل، مکانات اور زرعی اراضی متاثر ہوئی، جبکہ معمولاتِ زندگی بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے جوانوں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی و ریسکیو کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جگھور کے مختلف علاقوں جگھور گول، شوٹ اور ہنجوگول میں فلیش فلڈ کے باعث سڑکوں، گلیوں، گھروں اور زرعی زمینوں کو نقصان پہنچا،شدید بارش کے بعد مٹی اور ملبہ بڑی مقدار میں جمع ہونے سے آمدورفت متاثر ہوئی اور شہریوں کو روزمرہ امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
فوری امدادی کارروائیاں
مسلسل بارشوں کے دوران فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے جوان فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا،امدادی ٹیموں نے سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ متاثرہ افراد کو ضروری معاونت بھی فراہم کی گئی۔
بند سڑکوں کو کھولنے کے لیے ہیوی مشینری استعمال کی گئی، جس کے ذریعے مٹی اور ملبہ ہٹا کر آمدورفت بحال کرنے کی کوششیں کی گئیں،ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کے دوران شہریوں کی محفوظ منتقلی اور متاثرہ علاقوں میں رابطہ بحال رکھنے کو ترجیح دی گئی۔
عوام نے سراہا
مقامی افراد نے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے جوانوں کی بروقت امدادی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے مشکل صورتحال میں متاثرین کی مدد کرنے پر ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کے دوران متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔
عوام کے شانہ بشانہ
سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قدرتی آفات سمیت ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہیں اور متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے ضرورت کے مطابق امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔