لاہور میں جڑواں بہنوں نے میٹرک کے امتحانات میں ایسا دلچسپ اور غیر معمولی کارنامہ انجام دیا ہے کہ نہ صرف ان کے اہلخانہ بلکہ دونوں طالبات خود بھی حیران رہ گئی ہیں۔
قصور سے تعلق رکھنے والی جڑواں بہنوں عریبہ عمران اور ہادیہ عمران نے لاہور بورڈ کے میٹرک امتحانات میں 1200 میں سے 1183، 1183 نمبر حاصل کیے۔ دونوں طالبات ایک ہی گھر میں پلی بڑھی ہیں اور ایک ہی ماحول میں تعلیم حاصل کرتی رہی ہیں۔ دونوں نے ایک ساتھ پڑھائی کی اور امتحان کی تیاری کے لیے بھی تقریباً یکساں وقت صرف کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں بہنوں کے امتحانی مراکز ایک دوسرے سے کئی کلومیٹر کے فاصلے پر تھے، جبکہ ان کے رول نمبرز بھی ایک دوسرے سے خاصے مختلف تھے۔ عریبہ کا رول نمبر 112143 جبکہ ہادیہ کا 113757 تھا۔
اس صورتحال میں دونوں کے درمیان کسی بھی قسم کی نقل یا چیٹنگ کا امکان بھی نہیں تھا، اس کے باوجود امتحان کا نتیجہ حیران کن طور پر بالکل ایک جیسا نکلا۔دونوں بہنوں نے نہ صرف غیر معمولی نمبر حاصل کیے بلکہ ان کے نمبروں کی مکمل یکسانیت نے اس کامیابی کو مزید دلچسپ بنا دیا۔
عریبہ عمران کا کہنا تھا کہ وہ دونوں اکٹھی پڑھتی تھیں اور پڑھائی کے لیے ایک جیسا وقت دیتی تھیں، تاہم ایک جیسے نمبر آنا ان کے لیے بھی کسی عجوبے سے کم نہیں۔جڑواں بہنوں کی یہ غیر معمولی کامیابی سوشل میڈیا پر بھی دلچسپی کا باعث بن رہی ہے، جہاں صارفین دونوں طالبات کو شاندار نتائج پر مبارکباد دے رہے ہیں۔