پی ایس 30 ضمنی انتخابات، پیپلز پارٹی نے میدان ما رلیا

پی ایس 30 ضمنی انتخابات، پیپلز پارٹی نے میدان ما رلیا

سندھ کے ضلع خیرپور کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 30 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اسفندیار کھرل نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی۔

حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ ووٹرز نے اپنے پسندیدہ امیدوار کے حق میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ انتخاب کے لیے حلقے میں مجموعی طور پر 164 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات: فیصل ممتاز راٹھور، ضیاء قمر کامیاب ، سردار عتیق کو شکست

تمام 164 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اسفندیار کھرل نے 48 ہزار 986 ووٹ حاصل کیے اور واضح برتری کے ساتھ کامیاب قرار پائے۔

آزاد امیدوار تصور مہدی شاہ 1 ہزار 299 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔ نتائج کے مطابق دونوں امیدواروں کے درمیان ووٹوں کا واضح فرق رہا جس کے باعث اسفندیار کھرل کو بھاری اکثریت سے کامیاب قرار دیا گیا۔

ضمنی انتخاب کے نتائج کے بعد ریٹرننگ افسر کی جانب سے فارم 47 بھی جاری کردیا گیا ہے۔ انتخابی عمل کے دوران حلقے میں ووٹنگ کی مجموعی شرح 20 اعشاریہ 53 فیصد رہی جو گزشتہ عام انتخابات کے مقابلے میں کم تصور کی جارہی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :شاہد خاقان کوانٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانا مہنگا پڑگیا، الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان پارٹی ڈی لسٹ کردی

پی ایس 30 کی نشست پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی نعیم کھرل کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا گیا۔

اسفندیار کھرل کی کامیابی کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پارٹی کارکنوں نے کامیاب امیدوار کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے حلقے میں پارٹی کی مقبولیت اور تنظیمی قوت کا مظہر قرار دیا ہے۔ ضمنی انتخاب کے حتمی نتائج اور کامیاب امیدوار کی کامیابی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن متعلقہ انتخابی مراحل مکمل ہونے کے بعد جاری کیا جائے گا۔

editor

Related Articles