مکہ دفاعی معاہدہ خطے کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے، ٹرمپ

مکہ دفاعی معاہدہ خطے کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آبنائے ہرمز کو جلد امریکہ کا حصہ قرار دینے کی دھمکی

امریکی صدر نے کہا کہ یہ معاہدہ اس بات کی علامت ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک متحد ہو رہے ہیں اور مستقبل میں اپنی سلامتی اور دفاع کو زیادہ مؤثر انداز میں یقینی بنانے کے قابل ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے معاہدے کو ایک بڑا، جرات مندانہ اور اہم پہلا قدم قرار دیا۔

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے مشترکہ دفاعی صلاحیت بڑھانے اور ممکنہ جارحیت کے خلاف ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

معاہدے کی اہم شق کے مطابق تینوں ممالک میں سے کسی ایک کے خلاف مسلح حملہ تینوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں مشترکہ دفاعی ردعمل کی راہ ہموار ہوگی۔

 یہ بھی پڑھیں :ٹرمپ کی سکیورٹی کے لیے فلمی انداز میں آپریشن ،حیران کن کہانی سامنے آگئی

معاہدے کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ سلامتی کے لیے باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

ٹرمپ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت جاری ہے۔ امریکی صدر کی جانب سے معاہدے کا خیرمقدم سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون پر واشنگٹن کی نظر کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

editor

Related Articles