تنخواہ دار طبقے کے ٹیکس نے سب کو حیران کردیا، تفصیلات سامنے آ گئیں

تنخواہ دار طبقے کے ٹیکس نے سب کو حیران کردیا، تفصیلات سامنے آ گئیں

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جولائی 2026 میں تنخواہ دار طبقے سے 44 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں رواں سال تنخواہ دار افراد سے ٹیکس وصولی میں تقریباً 2 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 میں تنخواہ دار طبقے سے تقریباً 42 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کیا گیا تھا جبکہ جولائی 2026 میں یہ رقم بڑھ کر 44 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ اس طرح ایک سال کے دوران تنخواہ دار طبقے سے حاصل ہونے والے ٹیکس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :بجٹ میں ٹیکسز میں اضافے پر تنخواہ دار طبقہ شدید پریشان

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 میں تنخواہ دار طبقے سے تقریباً 30 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ دو برس کے دوران اس شعبے سے ٹیکس وصولی میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔

دوسری جانب جائیداد کی خرید و فروخت سے بھی حکومت کو جولائی 2026 میں اربوں روپے کی آمدن ہوئی۔ ذرائع کے مطابق جائیداد کے لین دین پر مجموعی طور پر 15.5 ارب روپے ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کیا گیا۔

رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران ملک بھر میں جائیداد کی خرید و فروخت کے تقریباً 90 ہزار لین دین ریکارڈ کیے گئے۔ یہ تعداد گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریلیف کی تجاویز، بوجھ مزید کم کرنے کا مطالبہ

اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 میں جائیداد کی خرید و فروخت کے تقریباً 60 ہزار لین دین ریکارڈ کیے گئے تھے جبکہ رواں سال جولائی میں یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 90 ہزار تک پہنچ گئی۔

ٹیکس وصولی میں اضافے کو حکومت کی جانب سے محصولات بڑھانے کی کوششوں کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تنخواہ دار طبقہ انکم ٹیکس کی وصولی میں پہلے ہی اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ جائیداد کے شعبے سے حاصل ہونے والا ٹیکس بھی قومی خزانے کے لیے آمدن کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

editor

Related Articles