خیبر پختونخوا میں موسم گرما کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کی اطلاع نے طلبہ اور والدین کو تشویش میں مبتلا کر دیا تاہم محکمہ تعلیم نے اس حوالے سے گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا سے منسوب ایک نوٹیفکیشن تیزی سے وائرل ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شدید بارشوں اور گرمی کی لہر کے باعث صوبے کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔ وائرل دستاویز میں کہا گیا تھا کہ سکول یکم ستمبر 2026 سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں محکمہ تعلیم کا نام اور سرکاری دستاویز سے مشابہ انداز اختیار کیا گیا تھا جس کے باعث کئی طلبہ، والدین اور اسکول انتظامیہ اسے درست سمجھنے لگے۔ سوشل میڈیا پر دستاویز گردش کرنے کے بعد تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے کے حوالے سے بھی مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔
تاہم ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔ محکمہ تعلیم نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں اور ایسی دستاویزات کو مزید شیئر کرنے سے گریز کریں۔
محکمہ تعلیم کی وضاحت کے مطابق تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کا کوئی نیا سرکاری فیصلہ نہیں کیا گیا۔ خیبر پختونخوا کے مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات مقررہ شیڈول کے مطابق ختم ہو رہی ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق تعلیمی ادارے 17 اگست سے معمول کے مطابق کھلیں گے اور تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔ والدین اور طلبہ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اسکولوں کی تعطیلات یا دوبارہ کھلنے سے متعلق معلومات کے لیے صرف محکمہ تعلیم کے سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں تاکہ جعلی اطلاعات سے پیدا ہونے والی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔