سعودی عرب میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ سعودی سول ڈیفنس نے صوبہ جازان کے رہائشیوں کے لیے حفاظتی ہدایات جاری کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سرکاری احکامات پر عمل کریں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں احتیاط سے کام لیں۔
سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کے مطابق نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم کی جانب سے ہنگامی وارننگ جاری کی گئی تھی جس کے بعد جازان میں خطرہ ٹل گیا ہے۔ تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صورتحال کے حوالے سے سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر نظر رکھیں۔
سول ڈیفنس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ہنگامی وارننگ موصول ہونے کی صورت میں گھبرانے کے بجائے پرسکون رہیں اور فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہوجائیں۔ شہریوں کو خاص طور پر گھروں کے اندر رہنے اور کھڑکیوں اور شیشوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
حکام نے متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری طور پر جمع ہونے اور صورتحال کی ویڈیوز بنانے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سول ڈیفنس کے مطابق ایسے مقامات پر لوگوں کا ہجوم امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ بن سکتا ہے اور شہریوں کے لیے مزید خطرات پیدا ہوسکتے ہیں۔
گھروں سے باہر موجود افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر قریبی محفوظ عمارت میں پناہ لیں۔ اگر عمارت دستیاب نہ ہو تو کسی مضبوط رکاوٹ یا محفوظ مقام کے پیچھے چلے جائیں۔
سعودی سول ڈیفنس نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں صرف سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔