موٹروے پر سفر کرنے والوں کی بڑی پریشانی دور،چالان سے متعلق بڑا اعلان

موٹروے پر سفر کرنے والوں کی بڑی پریشانی دور،چالان سے متعلق بڑا اعلان

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گڈز ٹرانسپورٹرز کو یقین دہانی کرائی ہے کہ موٹر وے پولیس کی جانب سے چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کیخلاف کسی قسم کا ناجائز چالان برداشت نہیں کیا جائے گا اور ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل کے حل کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز سے جو وعدے کیے ہیں انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔

گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا جس میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے حکومتی یقین دہانیوں اور مذاکرات کے نتیجے میں ہڑتال مؤخر کرنے کے فیصلے کے حوالے سے گفتگو کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹر وے پولیس سے ایک بھی ناجائز چالان نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات اور مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ وہ ایکسل لوڈ پالیسی کی خلاف ورزی نہ کریں کیونکہ مقررہ حد سے زیادہ وزن لادنا خود ٹرانسپورٹرز کے مفاد میں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورلوڈنگ سے نہ صرف گاڑیوں کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ سڑکوں کی حالت بھی متاثر ہوتی ہے جس سے قومی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچتا ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ملک بھر میں اشیائے ضروریہ، صنعتی خام مال اور دیگر سامان کی ترسیل کا بڑا انحصار ٹرانسپورٹ کے شعبے پر ہے، اس لیے ٹرانسپورٹرز کا تعاون ملکی معاشی سرگرمیوں اور ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں پرائمری تعلیم کا نظام تبدیل ، تاریخی فیصلہ ہوگیا

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مسائل کا حل مذاکرات اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ خود سڑکوں پر کھڑے ہو کر ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا جائزہ لیں گے اور عملی صورتحال کا مشاہدہ کریں گے تاکہ حکومتی پالیسیوں پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔

دوسری جانب گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

مذاکرات کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں جاری گڈز ٹرانسپورٹرز کی 9 روزہ ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کردی گئی ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے حکومتی یقین دہانیوں کے بعد گاڑیاں دوبارہ سڑکوں پر لانے کا اعلان کیا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ہڑتال مؤخر کرنے کے فیصلے سے ملک بھر میں مال برداری کا نظام معمول پر آنے کی توقع ہے۔ مسلسل ہڑتال کے باعث مختلف شہروں کے درمیان سامان کی ترسیل متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں اور سپلائی چین پر بھی دباؤ بڑھ رہا تھا۔

حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کے بعد اب آئندہ 40 روز کے دوران متعلقہ حکام اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندے اپنے مسائل اور مطالبات کے مستقل حل کے لیے مزید مشاورت کریں گے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اس موقع پر ایک بار پھر واضح کیا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کرے گی، تاہم ٹریفک قوانین، ایکسل لوڈ کی مقررہ حد اور سڑکوں کے تحفظ کے لیے وضع کردہ قواعد پر عملدرآمد بھی ضروری ہوگا

Qaisar Mirza
editor

Related Articles