بلوچستان، کلی زائیک میں کارروائی، مشتاق احمد عرف کوہ یار سمیت فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگرد ہلاک، 3 زخمی

بلوچستان، کلی زائیک میں کارروائی، مشتاق احمد عرف کوہ یار سمیت فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگرد ہلاک، 3 زخمی

بلوچستان کے علاقے کلی زائیک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندستان کے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جبکہ جھڑپ میں 3 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی بسیمہ کیمپ سے 12 کلومیٹر شمال میں کلی زائیک اور کاغلی کے درمیان دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندستان کے خلاف ہونے والی اس کارروائی میں فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:خضدار میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 10 دہشتگرد ہلاک

ہلاک ہونے والے ایک دہشتگرد کی شناخت مشتاق احمد عرف کوہ یار کے نام سے ہوئی ہے۔ جھڑپ کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا، جس دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن، میگزین، دستی بم اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) بنانے کا سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کا عزم

صوبہ بلوچستان میں حالیہ کچھ عرصے کے دوران امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی ناکام کوششیں کی جا رہی ہیں، جن کے تدارک کے لیے سیکیورٹی فورسز نے ملک دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر رکھا ہے۔

مزید پڑھیں:اپر دیر کے غیور عوام نے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کیساتھ خارجی دہشت گردوں کے خلاف محاذ سنبھال لیا

عسکری حکام کا عزم ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی تاکہ عام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

صوبے میں امن کی بحالی اور سیکیورٹی فورسز کا عزم

بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ ریاست ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہے۔

کلی زائیک کا یہ کامیاب آپریشن نہ صرف فتنہ الہندستان کے نیٹ ورک کو کمزور کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، بلکہ اس سے تخریب کاروں کے حوصلے بھی پست ہوں گے۔

آئی ای ڈی اور بارودی مواد کی برآمدگی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ عناصر بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانا چاہتے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ایک اور بڑا سانحہ ٹال دیا۔

Related Articles