بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق وفاقی وزیر نے بڑا اعلان کردیا

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق وفاقی وزیر نے بڑا اعلان کردیا

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے رواں سال تمام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحقین کو ڈیجیٹل والٹس فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ حکومت ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مزید فروغ دینے اور سرکاری ادائیگیوں کو جدید بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

بلال اظہر کیانی نے زیڈ والٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے حکومت، سرکاری ادارے اور نجی شعبہ مل کر کام کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کو عام کرنے میں راست نے اہم کردار ادا کیا ہے اور حکومت اس نظام کو مزید آسان اور قابل رسائی بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔

ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد میں اضافہ

وزیر مملکت نے بتایا کہ ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت استعمال کرنے والے تاجروں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے فروغ سے شہریوں اور کاروباری طبقے کے لیے ادائیگیوں کے عمل میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔

بی آئی ایس پی مستحق خواتین کے لیے اہم ہدایت جاری کردی گئی

کیو آر ادائیگیوں کے لیے سبسڈی

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جانب سے مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (ایم ڈی آر) پر سبسڈی بھی فراہم کی گئی ہے، اس اقدام کا مقصد تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔

سرکاری ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن

وزیر مملکت نے بتایا کہ سرکاری ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے کے عمل میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، سرکاری اداروں کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کی شرح 9 فیصد سے بڑھ کر 76 فیصد ہوگئی ہے، جبکہ سیلف اکاؤنٹنگ اداروں میں یہ شرح 5 فیصد سے بڑھ کر 75 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

ڈیجیٹل ادائیگیاں

بلال اظہر کیانی کے مطابق بی آئی ایس پی کے ایک کروڑ سے زائد مستحقین کو پہلے ہی ادائیگیاں ڈیجیٹل طریقے سے کی جا رہی ہیں، حکومت کا منصوبہ ہے کہ رواں سال بی آئی ایس پی کے تمام مستحقین کو ڈیجیٹل والٹس فراہم کیے جائیں تاکہ انہیں مالی امداد تک رسائی میں مزید سہولت حاصل ہوسکے۔

ڈیجیٹل والٹ میں بینک اکاؤنٹ جیسی سہولیات

وزیر مملکت نے وضاحت کی کہ بی آئی ایس پی مستحقین کو فراہم کیے جانے والے ڈیجیٹل والٹس کو بینک اکاؤنٹ کی طرح استعمال کیا جاسکے گا، ان والٹس کے ذریعے صارفین یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی کے علاوہ رقم کی منتقلی سمیت دیگر ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

تمام سرکاری ادائیگیاں ڈیجیٹل بنانے کا ہدف

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کا حتمی ہدف تمام سرکاری ادائیگیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانا ہے، ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ادائیگیوں کے عمل کو زیادہ شفاف، آسان، تیز اور مؤثر بنایا جاسکتا ہے، جبکہ اس سے مالیاتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی مزید فروغ ملے گا۔

editor

Related Articles