اداکارہ میرا اور ان کی گھریلو ملازمہ کے درمیان مبینہ جھگڑے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں اداکارہ کو ملازمہ کو مبینہ طور پر تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے ڈیفنس بی میں پیش آیا تھا، تاہم ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو جون 2026 کی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کی مکمل انکوائری کی گئی، جس کے دوران اداکارہ میرا اور گھریلو ملازمہ دونوں کو طلب کرکے ان کے بیانات لیے گئے۔
پولیس کے مطابق انکوائری کے دوران ملازمہ نے معاملہ باہمی رضامندی سے حل ہونے کی تصدیق کی اور اداکارہ میرا کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی نہ کرنے کا بیان بھی ریکارڈ کروایا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملازمہ کا تحریری معاہدہ اور اس کا ویڈیو بیان بھی پولیس ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ دوسری جانب اداکارہ میرا نے بھی ملازمہ کے خلاف مبینہ طور پر سامان لے جانے کے حوالے سے پولیس کو درخواست دی تھی۔ پولیس کے مطابق ملازمہ کی جانب سے اشیا واپس کیے جانے کے بعد اداکارہ نے اپنی درخواست بھی واپس لے لی۔
پولیس انکوائری میں دونوں فریقین کے درمیان معاملہ طے پانے کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ ملازمہ نے واضح طور پر اداکارہ میرا کے خلاف قانونی کارروائی نہ کرنے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔ یوں وائرل ویڈیو کے باوجود پولیس کے مطابق اس معاملے میں دونوں فریقین کے درمیان باہمی رضامندی سے تنازع حل ہوچکا ہے۔