پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم کے مفاد میں کسی سینئر کھلاڑی کو پلیئنگ الیون سے باہر بٹھانے میں کوئی برائی نہیں، جو کھلاڑی ٹیم کے لیے بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہے اسے ہی موقع دیا جائے گا۔
لندن میں دوسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں اچھی پارٹنرشپ کے بعد اچانک وکٹیں گرنے کا مسئلہ موجود ہے اور اسے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ نیا بیٹر کریز پر آتا ہے تو سیٹ بیٹر بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھتا ہے، ٹیم اس کمزوری پر قابو پانے کے لیے کام کررہی ہے۔
بابر اعظم کے مطابق لارڈز کی پچ پر گھاس نظر آرہی ہے، تاہم پلیئنگ الیون کا حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی کھلاڑی غیر اہم نہیں، بعض اوقات کسی کھلاڑی کو اعتماد دینے کے لیے بھی مسلسل موقع دیا جاتا ہے۔
کپتان نے واضح کیا کہ محمد رضوان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے۔ ان کے مطابق پوری ٹیم کی ذمہ داری ہے کہ وہ میچ میں اپنا کردار ادا کرے، یہ ممکن نہیں کہ بولرز مخالف ٹیم کے تمام 20 کھلاڑی آؤٹ کردیں اور بیٹرز اپنی ذمہ داری پوری نہ کریں۔
بابر اعظم نے اپنی فٹنس کے حوالے سے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور لارڈز ٹیسٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ لارڈز میں مسلسل تیسری فتح حاصل کرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی جائے۔