باجوڑ میں بم دھماکا، 2 بچے زخمی؛ ٹانک میں بنیادی ہیلتھ یونٹ بارودی مواد سے تباہ

باجوڑ میں بم دھماکا، 2 بچے زخمی؛ ٹانک میں بنیادی ہیلتھ یونٹ بارودی مواد سے تباہ

باجوڑ میں بم دھماکے کے نتیجے میں دو بچے زخمی ہوگئے، جبکہ ٹانک کے نواحی علاقے میں نامعلوم افراد نے بارودی مواد کے ذریعے بنیادی ہیلتھ یونٹ کی عمارت تباہ کردی۔

پولیس کے مطابق باجوڑ کی تحصیل واڑہ ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ خوڑ میں بم دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں دو بچے زخمی ہوئے۔ زخمیوں کی شناخت ابوزر ولد ضیاء الرحمٰن اور جراہ ولد سراج الدین کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں زخمی بچوں کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال خار منتقل کردیا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب ٹانک کے نواحی گاؤں شیخ سلطان میں نامعلوم افراد نے بنیادی ہیلتھ یونٹ کو بارودی مواد سے تباہ کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب تقریباً 12 بجے پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کی اکاؤنٹ سیکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے نئی حفاظتی سہولیات متعارف

پولیس کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ بنیادی ہیلتھ یونٹ کی پوری عمارت زمین بوس ہوگئی، جبکہ دھماکے کی آواز دور دراز علاقوں تک سنی گئی۔

حکام کے مطابق واقعے کے وقت نامعلوم افراد نے بنیادی ہیلتھ یونٹ میں موجود چوکیدار کو مبینہ طور پر پہلے ہی عمارت سے باہر نکال دیا تھا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Related Articles